منگل 30 دسمبر 2025 - 15:35
قم میں یومِ اللہ 9 دی کا تاریخی اجتماع، انقلاب اور ولایت سے تجدیدِ عہد

حوزہ/ قم المقدسہ کے انقلابی عوام نے یومِ اللہ 9 دی کے موقع پر ایک عظیم اور تاریخی اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے انقلابِ اسلامی کے اہداف سے اپنی غیر متزلزل وفاداری کا اعلان کیا اور ولایتِ فقیہ کی مکمل حمایت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ کے انقلابی عوام نے یومِ اللہ 9 دی کے موقع پر ایک عظیم اور تاریخی اجتماع میں شرکت کرتے ہوئے انقلابِ اسلامی کے اہداف سے اپنی غیر متزلزل وفاداری کا اعلان کیا اور ولایتِ فقیہ کی مکمل حمایت پر زور دیا۔ اس اجتماع کے ذریعے عوام نے انقلاب کے مرکز، مدرسہ علمیہ فیضیہ سے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ وہ فتنہ اور فتنہ پرور عناصر سے بیزار ہیں اور انقلاب و نظامِ اسلامی کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

یومُ اللہ 9 دی جو کہ ’’یومِ بصیرت اور ولایت کے ساتھ امت کے عہد‘‘ کے عنوان سے جانا جاتا ہے، اس موقع پر قم کے باشعور، ولایت شناس اور انقلابی عوام کا یہ تاریخی اجتماع مدرسہ فیضیہ میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں علما، حوزہ علمیہ کے ذمہ داران، اساتذہ، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر آیت اللہ علی رضا اعرافی، آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری، آیت اللہ محسن اراکی سمیت ممتاز دینی شخصیات اور مراجع عظام تقلید کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اجتماع کے آغاز ہی سے مدرسہ فیضیہ عوام سے بھر گیا اور ہر لمحے شرکا کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا۔ حاضرین نے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ وہ انقلابِ اسلامی، نظامِ اسلامی اور وطن کے دفاع کے لیے جان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر ولی امرِ مسلمین حضرت امام خامنہ‌ای کے ساتھ تجدیدِ بیعت کی گئی اور اندرونی فتنہ گروہوں کے ساتھ ساتھ امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کیا گیا۔

شرکا کی جانب سے ’’اللہ اکبر‘‘، ’’خامنه‌ای رهبر‘‘، ’’مرگ بر امریکہ‘‘ اور ’’مرگ بر اسرائیل‘‘ جیسے نعرے گونجتے رہے، جو ان کے عزم، شجاعت اور استقامت کی عکاسی کر رہے تھے۔ ’’ہیہات منّا الذلۃ‘‘ کے نعروں کے ذریعے اس بات پر زور دیا گیا کہ قوم کسی دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔

تقریب کے اختتام پر شرکا نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات اور دشمنوں کی سازشوں کے باوجود ایرانی قوم پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے۔ عوام نے اعلان کیا کہ وہ انقلاب کے معمار امام خمینی علیہ الرحمہ کے راستے اور شہدا کے خون کی حفاظت کے لیے ثابت قدم رہیں گے اور ولی امرِ مسلمین کی قیادت میں ترقی و عزت کی منزل کی جانب اپنا سفر جاری رکھیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha